12 صوبوں کا معاملہ، آئینی ترامیم آئندہ سال منظور ہوئیں تو عملدرآمد 2029 انتخابات کے بعد ہوگا

فائل فوٹو۔۔
ملک کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کے لیے مطلوبہ آئینی ترامیم آیندہ سال منظور کرلی گئیں تو بھی نئے صوبائی ڈھانچے پر عمل درآمد 2029 کے عام انتخابات کے بعد ہی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بعض مالیاتی، آئینی اور انتظامی چیلنجز کا ذکر کیا ہے جن میں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم، آبی وسائل کی تقسیم اور مالی واجبات کا تصفیہ تین سب سے اہم مسائل کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اگر اگلے سال مطلوبہ آئینی ترامیم منظور بھی کر لی جاتی ہیں، تب بھی موجودہ صوبائی حکومتیں اور اسمبلیاں اگلے عام انتخابات تک کام کرتی رہیں گی۔ اس کے بعد مجوزہ انتظامی تنظیمِ نو 2029 کے انتخابی عمل کے بعد نافذ کی جائے گی۔
پاکستان کے انتظامی نقشے میں تبدیلی کی تجویز زیر غور، 12 صوبے اور ملک گیر ریفرنڈم کرانے پر غور
ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب کو چار صوبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو تین تین صوبوں میں، جبکہ سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح صوبوں کی مجموعی تعداد موجودہ چار سے بڑھ کر 12 ہو جائے گی۔
تاہم 12 صوبوں کی طرف منتقلی کے لیے کئی حساس معاملات پر اتفاقِ رائے درکار ہوگا، جن کا تعلق موجودہ صوبوں اور ان سے وجود میں آنے والی مجوزہ نئی اکائیوں کے مالی اور معاشی حقوق سے ہے۔
پہلا بڑا چیلنج این ایف سی ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم ہوگا، اس وقت وفاقی قابلِ تقسیم محاصل میں صوبوں کا حصہ ایک طے شدہ فارمولے کے تحت چار صوبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے اور 8 اضافی صوبوں کے قیام سے یہ بنیادی سوال پیدا ہوگا کہ صوبوں کے موجودہ حصے کو 12 اکائیوں کے درمیان کس طرح دوبارہ تقسیم کیا جائے۔
دوسرا بڑا چیلنج آبی وسائل کی تقسیم سے متعلق ہے اور یہ معاملہ ان علاقوں میں خاص طور پر حساس بن سکتا ہے جہاں پانی کی دستیابی، آبپاشی کی ضروریات اور زراعت پر انحصار پہلے ہی اختلافات کا باعث ہیں۔
بشکریہ جیو نیوز