بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

بلوچستان میں سکیورٹی فورسزکی کارروائیوں میں17دہشتگرد ہلاک ہوگئے، پاک فوج کا جوان شہید

پاکستان
بلوچستان میں سکیورٹی فورسزکی کارروائیوں میں17دہشتگرد ہلاک ہوگئے، پاک فوج کا جوان شہید

شہید سپاہی حکمت اللہ کی عمر 25 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع کرک سے تھا،فوٹو: آئی ایس پی آر

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز کے 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنہ ہندوستان اور فتنہ الخوارج کے17 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دونوں کارروائیاں یکم نومبرکوکی ہیں۔

کچھی ضلع کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں نے شہر میں سڑک بند کرکے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔

اس کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمدکیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع خاران میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کر دیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ وہاں سے بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہید سپاہی حکمت اللہ کی عمر 25 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائےگا۔

بشکریہ جیو نیوز