جمرود: آن لائن گیمز میں ایک کروڑ روپے ہارنے کے بعد ڈکیتی کا ڈرامہ رچانیوالا شخص پکڑا گیا

فوٹو جیو نیوز
جمرود میں آن لائن گیمز میں ایک کروڑ روپے ہارنے کے بعد مالی نقصان چھپانے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والا شخص پکڑا گیا۔
پولیس کے مطابق ضلع خیبر میں جمرود کے رہائشی منصور نے چند گھنٹے قبل پولیس کو درخواست دی کہ سردار کلی چوک کے مقام پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اسلحے کے زور پر اس سے 29 لاکھ 75 ہزار روپے چھین لیے ہیں۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خیبر نے فوری تحقیقات کی ہدایت کی اور دوران تفتیش ثابت ہوا کہ ملزم آن لائن گیمز میں ایک کروڑ روپے ہار چکا ہے اور یہ ایک کروڑ روپے ملزم نے اپنے چچا سے کاروبار کے لیے ادھار لیے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے پاس اپنے چچا کے 29 لاکھ 75 ہزار روپے نقد پڑے تھے اور آج اسے اپنے چچا کو واپس ادا کرنا تھا، ملزم نے ڈکیتی کا ڈرامہ رچا کر پولیس کو اطلاع دی کہ علاقہ سردار کلی چوک میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ڈاکوں نے ڈکیتی کے دوران اسلحے زورپر 29 لاکھ 75 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے تفتیش کرکے چند گھنٹوں کے اندر ڈکیتی کا ڈرامہ بے نقاب کرکے ملزم کے گھر سے 29 لاکھ 75 ہزار روپے برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
ڈی پی او کے مطابق ملزم نے گھر والوں سے نقصان چھپانے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا،ملزم کو مزید تفتیش کے لئے تھانہ جمرود منتقل کردیا گیا ہے۔
بشکریہ جیو نیوز