جمعرات، 29 اکتوبر، 2026 · 19 جمادی الاول، 1448 ہجری

عمران خان کیلئے اچھے دن نظر نہیں آرہے، منظور وسان کی پیشگوئی

پاکستان
عمران خان کیلئے اچھے دن نظر نہیں آرہے، منظور وسان کی پیشگوئی

عمران خان اور ان کی جماعت سے امید نہیں تھی کہ وہ اتنی جلدی نئے صوبوں کی حمایت کا اعلان کردیں گے، پی پی رہنما/ فائل فوٹو

پیپلز پارٹی سینئر رہنما منظور وسان نے پیشگوئی کی ہےکہ انہیں موجودہ سیاسی صورتحال میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے اچھے دن نظر نہیں آرہے۔

پارٹی رہنماؤں اور دیگر افراد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت سے امید نہیں تھی کہ وہ اتنی جلدی نئے صوبوں کی حمایت کا اعلان کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی اپنی ایک تاریخ اور شناخت ہے، اسے دیگر صوبوں کے ساتھ ملا کر ہیں دیکھا جاسکتا، سندھ کے عوام اور سندھ اسمبلی نئے صوبوں کے قیام کی تجویز پر اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور اسے مسترد کر چکے ہیں، صوبوں کے نام تبدیل کرنا ملک کے لیے فائدہ مند نہیں ہے۔

منظور وسان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں تاہم گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔

سابق وزیر نے پیشگوئی کی کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں انہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے اچھے دن نظر نہیں آرہے جب کہ جے یو آئی کی احتجاجی تحریک بھی نظر نہیں آرہی، اگر جے یو آئی کو احتجاج کرنا ہوتا تو اب تک کر چکی ہوتی۔

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی ایمرجنسی اورگورنر راج رول بیک کرانے کیلئے کردارادا کرے گی: بیرسٹرگوہر

سندھ اسمبلی نے سندھ میں نئے صوبےکے معاملے پر فل اسٹاپ لگادیا ہے، بلاول

بشکریہ جیو نیوز