بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

’نومبر کے وسط میں اسلام آباد لانگ مارچ کریں گے‘، حافظ نعیم کا وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد اعلان

پاکستان
’نومبر کے وسط میں اسلام آباد لانگ مارچ کریں گے‘، حافظ نعیم کا وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد اعلان

اسکرین گریب

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ نومبر کے وسط میں ہم اسلام آباد لانگ مارچ کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اب ہم اسلام آباد مارچ کو ملتوی نہیں کریں گے، حکومت مارچ سے پہلے لیوی کے خاتمے کا کوئی نظام بنادے، لیوی کا بوجھ مڈل کلاس اور غریب لوگ اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف بڑھا رہے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ لیوی ختم کریں وہ کہتے ہیں مرحلہ وار ریلیف دیں گے، ہم مزید حکومت سے بات کریں گے لیکن نومبر کے وسط میں مارچ ہوگا، حکومت نے سات سے دس دن مزید مانگے ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے پیکج کا اعلان کرے، لیوی بھتا ختم ہونا چاہیے، ریلیف پیکج سے عوام کو زیادہ فائدہ نہیں ہورہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے سڑک پر بیٹھ کر بات کرنا پڑے، چاہتے ہیں پیٹرول کی قیمت میں بھی ریلیف ملے اور لیوی بھی ختم کی جائے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اگر احتجاج نہ کرتی تو کیا حکومت پیٹرول پر یہ ریلیف دیتی؟ انہوں نے تو 80 روپے کی لیوی 160 کردینی تھی، ہم نے احتجاج کیا تو یہ پیچھے آئے، ہمارا دباؤ حکومت پر موجود ہے اور ہم اس کومزید بڑھائیں گے، ہم چاہتے ہیں لوگوں کو ریلیف ملے اور ساتھ ساتھ لیوی بھی ختم ہو، اگر جماعت اسلامی احتجاج نہ کرتی تو ریلیف پیکج بھی نہ آتا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جو حکومت ہوتی ہے بات اُسی سے ہوتی ہے، وہ فارم 47 کے ہوں یا 48کے ہوں، بات حکومت سے کرنی ہوتی ہے، ہائی جیکر جہاز ہائی جیک کرلیتا ہے تو بات اُسی سے کرنا پڑتی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے،وزیراعظم

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں، بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے، مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہےگی۔

وزیراعظم نے جماعت اسلامی کے وفد کو کم آمدن طبقے کے لیے حکومت کے فراہم کردہ ریلیف کی تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ افراد اس اسکیم میں رجسٹر ہو چکے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین ارکان پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔کمیٹی عوام کے لیے پیٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے، زیادہ سے زیادہ مستحق عوام کے ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے سے متعلق سفارشات دے گی۔ کمیٹی پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کےلیے بجٹ کے لیے قابل عمل تجاویز بھی مرتب کرےگی۔

بشکریہ جیو نیوز