جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان کی 67.5 فیصد آبادی میٹرک سے بھی کم تعلیم یافتہ ہونے کا انکشاف

قومی خبریں
پاکستان کی 67.5 فیصد آبادی میٹرک سے بھی کم تعلیم یافتہ ہونے کا انکشاف

ملک میں تعلیمی قابلیت سے متعلق سرکاری تخمینوں نے آبادی کے بڑے حصے کی تعلیمی محرومی کو نمایاں کردیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں دستیاب اعدادوشمار کے حوالے سے انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کی مجموعی آبادی میں تقریباً 67.5 فیصد افراد ایسے ہیں جنہوں نے میٹرک تک تعلیم حاصل نہیں کی، جبکہ میٹرک پاس شہریوں کا تناسب 15 سے 16 فیصد کے درمیان ہے۔ انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے والوں کی شرح تقریباً 8 سے 9 فیصد بتائی گئی ہے۔

تعلیمی شعبے کی صورتحال سے متعلق اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر کے ہائی اسکولوں میں اس وقت تقریباً 58 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں، تاہم میٹرک کی سطح پر خالص داخلے کی شرح صرف 30 فیصد ہے۔

یہ شرح ظاہر کرتی ہے کہ ثانوی تعلیم کے مرحلے تک پہنچنے والے بچوں کا تناسب محدود ہے، جبکہ مجموعی آبادی میں میٹرک سے آگے تعلیم حاصل کرنے والوں کی تعداد بھی نسبتاً کم ہے۔

انٹرمیڈیٹ کی سطح پر ملک کے انٹر کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں تقریباً 31 لاکھ 70 ہزار طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس کے باوجود مجموعی آبادی میں انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے والے افراد کا حصہ صرف 8 سے 9 فیصد کے قریب ہے۔ یوں میٹرک کے بعد اعلیٰ تعلیمی مراحل تک پہنچنے والے افراد کی شرح میں نمایاں کمی سامنے آتی ہے۔

اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ڈگری کالجوں کے اندر بی اے اور بی ایس سمیت مختلف پروگراموں میں تقریباً 9 لاکھ 40 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

دوسری جانب ملک کی جامعات میں رجسٹرڈ طلبہ کی مجموعی تعداد تقریباً 20 لاکھ بتائی گئی ہے۔ آبادی کے تناسب سے بی اے، بی ایس یا اس سے بلند ڈگری رکھنے والے افراد کی شرح محض 6 سے 7 فیصد ہے، جو ملک میں اعلیٰ تعلیم کے محدود پھیلاؤ کی نشاندہی کرتی ہے۔

صوبائی سطح پر گریجویٹس کی شرح میں بھی فرق موجود ہے۔ پنجاب میں گریجویشن مکمل کرنے والوں کا تناسب 4.72 فیصد بتایا گیا ہے، جس میں خواتین کی شرح 5.43 فیصد جبکہ مردوں کی 4.15 فیصد ہے۔

صوبے میں ماسٹرز یا اس سے زیادہ تعلیم رکھنے والوں کا تناسب 2.58 فیصد ہے۔ خیبر پختونخوا میں گریجویٹس کا حصہ تقریباً 4 فیصد، سندھ میں 5.5 فیصد اور بلوچستان میں صرف 2.5 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ماہرین تعلیم کے مطابق یہ اعدادوشمار ملک کے مختلف حصوں میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے غیر یکساں رجحان کو ظاہر کرتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت