نئے صوبوں کے قیام کے لیے ملک گیر ریفرنڈم کرانے کی تجویز سامنے آگئی

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مجوزہ منصوبے کا ابتدائی خاکہ سامنے آیا ہے، جس کے تحت قومی سطح پر جلد ریفرنڈم کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق چاروں صوبوں میں ووٹنگ کے نتائج الگ الگ مرتب کیے جائیں گے تاکہ عوامی رائے کا اندازہ لگایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے صوبے لسانی یا نسلی بنیادوں کے بجائے انتظامی بنیادوں پر قائم کرنے کی تجویز ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت ہر صوبے کی اپنی اسمبلی، وزیراعلیٰ اور کابینہ ہوگی، جبکہ منتخب صوبائی حکومت ہی انتظامی اختیارات استعمال کرے گی۔
ریفرنڈم کے ذریعے یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ موجودہ صوبوں کے کون سے شہر اور اضلاع نئی انتظامی اکائیاں بنانے کے حق میں ہیں۔ تاہم، ملک میں صوبوں کی حتمی تعداد اور ان کی حدود کا ابھی تعین نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے 12 یا 14 صوبوں سے متعلق قیاس آرائیوں کو قبل از وقت قرار دیا ہے۔
مجوزہ ریفرنڈم کے لیے آئین کے آرٹیکل 48(6) کا حوالہ دیا جا رہا ہے، جو قومی اہمیت کے معاملات پر ریفرنڈم کی گنجائش فراہم کرتا ہے۔ دوسری جانب آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے منظوری بھی ضروری ہے۔ اس حوالے سے یہ سوال موجود ہے کہ ریفرنڈم کے نتائج آئینی اور قانونی عمل پر کس حد تک اثرانداز ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان ریفرنڈم کے عمل کی نگرانی کرے گا۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ اس اقدام کا مقصد صدارتی نظام متعارف کرانا یا سیاسی جماعتوں کا کردار محدود کرنا ہے۔ کراچی اور گوادر کو مستقبل میں وفاقی علاقے بنانے کے امکان کو بھی عوامی رائے سے مشروط قرار دیا گیا ہے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مجوزہ منصوبے پر سیاسی اختلافات بھی اہمیت اختیار کر رہے ہیں، خصوصاً پیپلز پارٹی کے ممکنہ تحفظات کے باعث حکومتی اتحاد میں اتفاقِ رائے کا سوال سامنے آ رہا ہے۔ تاہم، ذرائع کے مطابق فی الحال پہلا مرحلہ عوامی رائے معلوم کرنا ہے اور حتمی فیصلے کا انحصار ریفرنڈم کے نتائج اور آئینی تقاضوں پر ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت