جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی اتفاق رائے کے لیے مسلم لیگ ن کا اہم فیصلہ

قومی خبریں
نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی اتفاق رائے کے لیے مسلم لیگ ن کا اہم فیصلہ

لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام سے متعلق معاملات پر تمام پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک رابطہ کار سیاسی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں پارٹی کے اہم رہنماؤں کو شامل کیا جائے گا تاکہ سیاسی جماعتوں کے درمیان باضابطہ مشاورت کا عمل شروع ہوسکے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ کمیٹی پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور دیگر پارلیمانی جماعتوں سے رابطے کرے گی۔ ان ملاقاتوں اور مشاورت کے ذریعے ملک کو درپیش سیاسی و آئینی معاملات پر مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مسلم لیگ ن کی قیادت سمجھتی ہے کہ اہم قومی فیصلوں کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔

لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کے ساتھ آئندہ ممکنہ آئینی ترمیم کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ اس سلسلے میں آئینی اور قانونی تقاضوں، نئے صوبوں کے قیام کے طریقہ کار اور ممکنہ عوامی ریفرنڈم کے انعقاد سے متعلق امور پر غور کیا گیا ہے، تاہم حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد ہی متوقع ہے۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مطابق وفاقی حکومت ان معاملات پر قومی سیاسی کانفرنس بلانے کے امکان کا بھی جائزہ لے سکتی ہے۔ مجوزہ کانفرنس میں تمام اہم سیاسی جماعتوں کو شریک کرکے نئے انتظامی یونٹس، صوبوں کے قیام اور متعلقہ آئینی معاملات پر تفصیلی بحث کی جاسکتی ہے۔

اس مشاورت کے نتیجے میں کوئی مشترکہ لائحہ عمل سامنے آنے کی صورت میں اسے پارلیمان میں پیش کرنے کی راہ بھی اختیار کی جاسکتی ہے۔

لیگی ذرائع کے مطابق اگر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہوگیا تو آئینی اور قانونی امور کو حتمی شکل دینے کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جاسکتی ہے۔

علاوہ ازیں قیادت کی جانب سے قومی اہمیت کے تمام سیاسی اور آئینی معاملات پر مذاکرات کے ذریعے فیصلے کرنے کی حکمت عملی زیر غور ہے، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مجوزہ سیاسی رابطوں میں نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کا ممکنہ خاکہ اور ایک مربوط بلدیاتی نظام متعارف کرانے کے معاملات بھی شامل کیے جاسکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تجاویز پر مزید پیش رفت اور آئندہ حکمت عملی کا تعین ملک کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن جلد دیگر پارلیمانی جماعتوں سے رابطوں کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت