جنوبی کوریا میں امتحان کے دوران طلبہ کو پُرسکون ماحول فراہم کرنےکیلئے فضائی ٹریفک معطل

دنیا بھر میں طلبہ امتحانات کے دوران ٹریفک کے شور اور دیگر رکاوٹوں کی شکایت کرتے ہیں، تاہم جنوبی کوریا میں طلبہ کے مستقبل سے جڑے ایک اہم امتحان کے لیے پورے ملک میں غیر معمولی اقدامات کیے گئے اور فضائی ٹریفک بھی روک دی گئی۔
جنوبی کوریا کے سالانہ جامعہ داخلہ امتحان ’سوننگ‘ کے دوران 35 منٹ کے لیے ملک بھر میں فضائی آمدورفت معطل کردی گئی تاکہ طلبہ انگریزی کے پرچے میں سماعت سے متعلق سوالات سکون سے حل کرسکیں۔
امتحان کے دوران دوپہر ایک بج کر 5 منٹ سے ایک بج کر 40 منٹ تک انگریزی سننے کی صلاحیت کا امتحان لیا گیا۔ اس حصے میں طلبہ کو اسپیکر کے ذریعے سنائی جانے والی آواز کی بنیاد پر سوالات کے جوابات دینا ہوتے ہیں۔ اسی لیے حکومت نے اس دوران ہوائی جہازوں کی نچلی پروازوں پر پابندی عائد کردی تاکہ انجنوں کا شور طلبہ کی توجہ متاثر نہ کرے۔
فضائی آمدورفت کی عالمی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے نقشے میں بھی مقررہ 35 منٹ کے دوران جنوبی کوریا کی فضائی حدود طیاروں سے خالی دکھائی دیں۔
ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر طیاروں کی پرواز اور لینڈنگ روک دی گئی، جبکہ پہلے سے فضا میں موجود جہازوں کو کم از کم 3 کلومیٹر، یعنی تقریباً 10 ہزار فٹ کی بلندی پر رہنے کی ہدایت کی گئی۔ اس اقدام کے باعث درجنوں ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے اوقات میں ردوبدل کرنا پڑا۔
جنوبی کوریا میں آٹھ گھنٹے طویل اس امتحان کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے اور اس روز ملک بھر میں معمولات زندگی بھی تبدیل ہوجاتے ہیں۔
طلبہ کو صبح ٹریفک جام سے بچانے کے لیے سرکاری دفاتر، بینکوں اور اسٹاک مارکیٹ کا آغاز معمول سے ایک گھنٹہ تاخیر سے کیا گیا۔
امتحانی مراکز پہنچنے میں تاخیر کا شکار ہونے والے طلبہ کی مدد کے لیے پولیس کی خصوصی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تعینات کی گئیں۔ اس کے علاوہ امتحانی مراکز کے اطراف تعمیراتی کام روک دیا گیا، ٹرینوں کی رفتار کم کردی گئی اور ڈرائیوروں کو ہارن بجانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت