کراچی: لانڈھی میں فائرنگ سے میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے لانڈھی اولڈ مظفر آباد کالونی میں گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون، اس کے شوہر اور بھائی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شوہر ناصر احمد نے اپنے سسرال پہنچ کر بیوی اسماء اور سالے محمد احسن کو فائرنگ کرکے قتل کیا، جس کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔ موقع سے ایک پستول بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کی شادی 15 سال قبل ہوئی تھی اور گزشتہ کچھ عرصے سے دونوں کے درمیان علیحدگی تھی۔ خاتون نے خلع کے لیے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا تھا اور وہ والدین کے گھر رہائش پذیر تھی۔
واقعے کے بعد پولیس اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت