گورنر راج کے بعد خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات 80 فیصد کم ہوگئے، مشیر اطلاعات

مردان: خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 5 ہفتوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 80 فیصد کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے باعث امن و امان کی صورت حال میں بہتری آئی ہے، جبکہ پولیس کو خودمختار اور فعال بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
مردان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہنگامی سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ دیگر انتظامی اور عوامی امور بھی جاری رہیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کے بیان سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ٹیم لیڈر اور گورنر خیبرپختونخوا اس حوالے سے وضاحت پیش کریں گے۔
سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کو ایسا صوبائی نظام ملا جس کے وسائل پہلے ہی لوٹے جاچکے تھے۔ کمیونیکیشن اینڈ ورکس محکمے میں 19 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے معاملے پر جلد مقدمہ درج کیا جائے گا، جس میں سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور ان کے خاندان کے افراد کو بھی شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے سابق دور میں مبینہ طور پر بغیر ٹھوس بنیاد کے 9 ارب روپے جاری کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
مشیر اطلاعات کے مطابق سابق حکومت کی متعلقہ ترقیاتی اسکیموں اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے تمام ٹھیکے منسوخ کردیے گئے ہیں تاکہ سرکاری وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنایا جاسکے۔ صحت کے شعبے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں نظام بدانتظامی کا شکار رہا، جبکہ موجودہ حکومت بہتری کے لیے ایم ٹی آئی ایکٹ میں ترامیم متعارف کرارہی ہے۔
ثمر ہارون بلور نے مردان پریس کلب کے لیے 22 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا اور آزاد صحافت کو جمہوری معاشرے کا اہم ستون قرار دیا۔
ریڈیو براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری میں انہوں نے کہا کہ جدید ذرائع ابلاغ کے باوجود ریڈیو دور دراز علاقوں تک مستند معلومات پہنچانے، قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں آگاہی دینے اور مقامی زبانوں و ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
انہوں نے ریڈیو براڈکاسٹرز کے بقایاجات جلد ادا کرنے، آئندہ ادائیگیاں بروقت یقینی بنانے اور موجودہ فیس اسٹرکچر پر نظرثانی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
بعدازاں انہوں نے ریسکیو 1122 کے مردان ریجنل دفتر کا دورہ کیا، جہاں ڈاکٹر میر عالم خان اور رفیع اللہ مروت نے استقبال کیا۔ انہیں فائر، ڈیزاسٹر اور واٹر ریسکیو سروسز، جدید آلات، عملی استعداد اور مختلف اضلاع میں ہنگامی خدمات کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت