ٹرمپ نے ایران پر ممکنہ حملے کا فیصلہ نئے سال تک مؤخر کردیا، اسرائیل کو انتظار کی ہدایت

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے فیصلے کو نئے سال کے آغاز تک مؤخر کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہتے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ٹرمپ کے تازہ بیان کے بعد ایران پر فوری حملے کے امکانات غیر یقینی ہوگئے ہیں، تاہم فوجی کارروائی کا امکان مکمل طور پر مسترد نہیں کیا گیا۔
خبر رساں ادارے ایکسیوس اور اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے حوالے سے کسی فیصلے میں عجلت نہیں کی جارہی ، نئے سال کے آغاز پر حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران پر نیا حملہ اسی وقت ہوسکتا ہے جب رواں سال فروری کے آغاز میں جنگ شروع کی گئی تھی؟ امریکی صدر نے جواب دیا کہ ایسا امکان موجود ہے۔
ایکسیوس نے اس گفتگو کے تناظر میں یاد دہانی کرائی کہ فروری کے اواخر میں موجودہ جنگ شروع ہونے سے محض ایک روز قبل بھی ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ آگے کیا کرنا ہے، حالانکہ رپورٹ کے مطابق وہ اس وقت حملے کا فیصلہ پہلے ہی کرچکے تھے۔ اس پس منظر میں ان کے موجودہ بیان کو فوری کارروائی کے حوالے سے حتمی اعلان نہیں سمجھا جارہا۔
اسرائیلی چینل 12 کے مطابق امریکی حکام کو وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کے لیے مبینہ دباؤ پر تحفظات ہیں۔
ٹرمپ کے قریبی سمجھے جانے والے ایک امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ یہ دباؤ سیاسی مقاصد سے جڑا ہوسکتا ہے، کیونکہ نیتن یاہو 27 اکتوبر کے انتخابات میں پارلیمان کی اکثریت کھونے کے باوجود اقتدار برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اسرائیل نے متعدد مرتبہ ایران کے خلاف امریکی حملے کی تیاری کی، لیکن ہر بار ٹرمپ نے آخری مرحلے پر کارروائی کا حکم دینے سے گریز کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی نظام حملے کے لیے تیار ہوجاتا تھا، تاہم امریکی صدر اپنا ارادہ تبدیل کرلیتے تھے۔
رپورٹ میں ایک اسرائیلی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا کہ ایران کے خلاف کارروائی کے امکانات بڑھ رہے ہیں اور اسرائیل امریکی اجازت کا منتظر ہے۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو گزشتہ روز انٹرویو میں یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ایران کے حیاتیاتی ہتھیار بنانے کی کوششوں سے متعلق شواہد ملے ہیں، تاہم اس دعوے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
اُدھر موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے گزشتہ ہفتے امریکی حکام سے ملاقاتوں میں ایران کے خلاف مشترکہ کارروائی کی حمایت کی تھی۔ ان پیش رفتوں کے باوجود ٹرمپ کے تازہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن نے فوری حملے کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا اور آئندہ مرحلے کا انحصار نئے سال کے آغاز پر سامنے آنے والی صورت حال پر ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت