افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی سے رکن ممالک کو دہشتگردی کے خطرات کا سامنا ہے: سربراہ سلامتی کونسل
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سربراہ سانیتا پاولیوٹا ڈیس لینڈیس نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے باعث رکن ممالک کو دہشت گردی کے خطرات لاحق ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ داعش خراسان نے افغانستان سے باہر کے علاقوں پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، جبکہ تحریک طالبان پاکستان بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو طالبان کی جانب سے رسدی اور عملی معاونت حاصل ہے اور ٹی ٹی پی نے افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں کئی مہلک حملے کیے ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے کہا کہ عالمی سطح پر بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت