جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بانی پی ٹی آئی کے بعد کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنماؤں کا بھی چیف جسٹس صاحبان کو خط

قومی خبریں
بانی پی ٹی آئی کے بعد کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنماؤں کا بھی چیف جسٹس صاحبان کو خط

لاہور : بانی تحریک انصاف عمران خان کے بعد کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کی قیادت نے بھی چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام مشترکہ خط ارسال کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت، علاج معالجے اور ملاقاتوں سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

خط ارسال کرنے والوں میں کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری شامل ہیں۔ قید رہنماؤں نے اپنے وکیل رانا مدثر عمر کے توسط سے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو یہ خط بھجوایا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جسمانی اور ذہنی صحت کے حوالے سے سنگین خدشات پائے جاتے ہیں، جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا، قید رہنماؤں کے مطابق عدالتی احکامات کے باوجود اب تک بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔

مشترکہ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری طور پر مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں، انہیں مستند ڈاکٹروں تک رسائی دی جائے اور ان کے علاج معالجے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کی صحت سے متعلق خدشات دور ہو سکیں۔

قید پی ٹی آئی رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی اپنے اہلخانہ، وکلا اور بیرون ملک مقیم بیٹوں سے ملاقاتوں کے حوالے سے بھی عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قیدی کو اہلخانہ اور قانونی مشیروں تک رسائی دینا بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

خط میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ جیلوں میں قید سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیرالتوا مقدمات اور اپیلوں کی سماعت میں غیرضروری تاخیر ختم کی جائے اور ان پر غیرجانبدارانہ، شفاف اور فوری فیصلے کیے جائیں۔

پی ٹی آئی کی قید قیادت نے دونوں چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور قید سیاسی رہنماؤں کو درپیش قانونی، طبی اور ملاقاتوں سے متعلق مسائل کا نوٹس لیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت