جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ربیعہ احسن کی موت حادثہ قرار، اہل خانہ کی معافی کے بعد شوہر کی ضمانت منظور

قومی خبریں
ربیعہ احسن کی موت حادثہ قرار، اہل خانہ کی معافی کے بعد شوہر کی ضمانت منظور

راولپنڈی: نجی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقتولہ کے اہل خانہ نے مقدمے میں نامزد ان کے شوہر احسن طاہر خان کو معاف کرتے ہوئے عدالت میں بیان حلفی جمع کرا دیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم کی بعد از گرفتاری ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔

ربیعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد، اڈیالہ روڈ میں واقع اپنے گھر کے کمرے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی تھیں۔ واقعے کے وقت ان کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں موجود تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر اچانک بیڈ روم سے گولی چلنے کی آواز سنائی دی، جس پر ربیعہ احسن کی بہن کمرے کی جانب بھاگیں تو انہیں ربیعہ خون میں لت پت فرش پر پڑی ملیں جبکہ ان کے شوہر احسن طاہر خان پستول تھامے کمرے میں موجود تھے۔

واقعے کے بعد ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں احسن طاہر خان کو نامزد کرتے ہوئے قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر واقعے میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول اور گولیاں بھی قبضے میں لے لی تھیں۔

ابتدائی پولیس تفتیش کے مطابق ربیعہ احسن کو گردن کے نچلے حصے میں سامنے کی جانب گولی لگی تھی۔ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں بھی گولی لگنے کو موت کی وجہ قرار دیا گیا، ملزم نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پستول سے اتفاقیہ گولی چلی، جس سے ان کی اہلیہ جاں بحق ہوگئیں۔ دوسری جانب ابتدائی اطلاعات میں گھریلو جھگڑے یا میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی کا کوئی واضح ثبوت سامنے نہیں آیا تھا۔

واقعے کے بعد مقتولہ کے بھائی نے ابتدا میں قتل کا مقدمہ درج کرایا، تاہم بعد ازاں اہل خانہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ربیعہ احسن کی موت حادثاتی طور پر گولی چلنے سے ہوئی اور احسن طاہر خان نے انہیں جان بوجھ کر قتل نہیں کیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران اسلحے اور دیگر شواہد کے فرانزک جائزے سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

اب مقدمے میں اہم پیشرفت کے طور پر ربیعہ احسن کی والدہ، بھائی اور بہن علوینہ عدالت میں پیش ہوئے اور ملزم کے حق میں بیان حلفی جمع کروائے۔ مقتولہ کی بہن نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنی تسلی کر لی ہے کہ احسن طاہر نے ان کی بہن کو قتل نہیں کیا، وہ انہیں فی سبیل اللہ معاف کرتی ہیں۔ اہل خانہ نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ملزم کی ضمانت پر رہائی پر کوئی اعتراض نہیں۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے ورثا کے بیانات اور جمع کرائے گئے بیان حلفی کی روشنی میں احسن طاہر خان کی بعد از گرفتاری ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔ مدعی مقدمہ کی جانب سے ملک محسن محمود کلیامی اور ایڈیشنل سیکریٹری جنرل ہائی کورٹ بار صباء فراز راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔

ربیعہ احسن 92 نیوز سے وابستہ تھیں اور حالات حاضرہ کے پروگرام کی میزبانی کرتی تھیں۔ ان کے شوہر سے ان کی تقریباً 16 سال قبل شادی ہوئی تھی اور ان کی 2 بیٹیاں ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت