رن وے پر کچوے کی اچانک انٹری، طیارے کو ہنگامی بریک لگانی پڑی

برازیلیا : برازیل کے سلگاڈو فلہو ایئرپورٹ پر ایک غیرمعمولی واقعہ پیش آیا جہاں ٹیکسی وے پر اچانک کچھوا نمودار ہونے کے باعث مسافر طیارے کو اپنا سفر روکنا پڑگیا۔ پائلٹ نے طیارے کے عین سامنے کچھوے کو دیکھتے ہی فوری بریک لگائی اور ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ازول ایئرلائنز کی پرواز اے ڈی 2885 پورٹو الیگری سے ریو ڈی جنیرو کے لیے روانہ ہونے والی تھی۔ طیارہ ٹیکسی وے ڈیلٹا پر آگے بڑھ رہا تھا کہ پائلٹ کی نظر اچانک سامنے موجود ایک کچھوے پر پڑی، جو اپنی مخصوص سست رفتار سے ٹیکسی وے پر رینگ رہا تھا۔
پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ریڈیو پیغام میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقین کریں یا نہ کریں، ہمارے طیارے کے بالکل سامنے ٹیکسی وے ڈیلٹا پر ایک کچھوا موجود ہے۔
کنٹرول ٹاور نے صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے طیارے کو اپنی جگہ رکنے کی ہدایت کی اور ایئرپورٹ کی وائلڈ لائف مینجمنٹ ٹیم کو موقع پر طلب کرلیا تاکہ کچھوے کو بحفاظت وہاں سے منتقل کیا جا سکے۔
واقعے کے دوران ریڈیو فریکوئنسی پر مختلف طیاروں کے پائلٹس کے درمیان دلچسپ اور مزاحیہ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ ایک دوسرے طیارے کے پائلٹ نے ازول ایئرلائنز کے عملے کو مذاقاً خبردار کیا کہ کہیں کچھوا بھاگ نہ جائے۔ اس پر ازول ایئرلائنز کے کپتان نے برجستہ جواب دیا کہ اس ننھے مہمان کو رن وے تک پہنچنے میں تقریباً 8 دن لگ جائیں گے۔
پائلٹس کے اس دلچسپ مکالمے نے ایک غیرمعمولی صورت حال کو مزید مزاحیہ بنا دیا، تاہم ایئرپورٹ انتظامیہ نے واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری کارروائی جاری رکھی۔
ایئرپورٹ کی وائلڈ لائف مینجمنٹ ٹیم موقع پر پہنچی اور کچھوے کو بغیر کسی نقصان کے محفوظ طریقے سے اٹھا کر ایئرپورٹ کی حدود سے باہر اس کے قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا۔
کچھوے کو بحفاظت منتقل کرنے اور ٹیکسی وے کو کلیئر کرنے کی کارروائی میں تقریباً 5 منٹ لگے، جس کے بعد ازول ایئرلائنز کی پرواز اے ڈی 2885 کو دوبارہ روانگی کی اجازت دے دی گئی اور طیارہ بحفاظت اپنی منزل ریو ڈی جنیرو کی جانب روانہ ہوگیا۔
یوں ایک ننھے کچھوے کی اچانک آمد نے مسافر طیارے کی روانگی چند منٹ کے لیے روک دی، بروقت کارروائی کے باعث نہ کسی مسافر کو نقصان پہنچا اور نہ ہی پرواز کے معمولات زیادہ متاثر ہوئے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت