جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایک نمبر سے 2 اینڈرائیڈ فونز پر بیک وقت کالز اور پیغامات کی سہولت متعارف کرانے کی تیاری

قومی خبریں
ایک نمبر سے 2 اینڈرائیڈ فونز پر بیک وقت کالز اور پیغامات کی سہولت متعارف کرانے کی تیاری

موبائل فون صارفین کو جلد ایک ایسی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے جس کے ذریعے وہ 2 مختلف اینڈرائیڈ فونز میں ایک ہی فون نمبر استعمال کرسکیں گے اور انہیں بار بار سم کارڈ ایک فون سے دوسرے فون میں منتقل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس نئے نظام پر گوگل کی جانب سے کام جاری ہے، جسے اینڈرائیڈ فاسٹ سوئچ کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو ایک ہی نمبر بیک وقت 2 مختلف اینڈرائیڈ فونز پر استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اس نئی سہولت کے آثار گوگل کی سم منیجر ایپ کے اندر موجود کوڈ سے سامنے آئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی اس فیچر کی تیاری میں مصروف ہے، تاہم ابھی اسے باضابطہ طور پر متعارف نہیں کرایا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینڈرائیڈ فاسٹ سوئچ استعمال کرنے کے لیے دونوں موبائل فونز میں ایک ہی گوگل اکاؤنٹ سے داخل ہونا ضروری ہوگا، جس کے بعد صارف اپنے ایک فون نمبر کو دونوں آلات پر استعمال کرسکے گا۔

یہ سہولت ایپل کے حال ہی میں متعارف کرائے گئے آئی فون ہینڈ آف نظام سے مشابہت رکھتی ہے، جس کے ذریعے ایک ہی فون نمبر کو 2 آئی فونز پر استعمال کرنا ممکن بنایا گیا ہے۔ تاہم ایپل کا یہ نظام صرف برقی سم کے ذریعے کام کرتا ہے اور فی الحال امریکا اور برطانیہ میں دستیاب ہے۔

اینڈرائیڈ کے نئے فیچر کے حوالے سے ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے کن موبائل فونز تک محدود رکھا جائے گا، آیا یہ تمام اینڈرائیڈ آلات پر دستیاب ہوگا یا صرف مخصوص فونز میں اس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح یہ بھی تاحال سامنے نہیں آیا کہ اس نظام کے تحت عام سم کارڈ استعمال کرنے والے صارفین بھی فائدہ اٹھا سکیں گے یا اس کے لیے برقی سم کی ضرورت ہوگی۔

گوگل کی جانب سے فیچر کی باضابطہ رونمائی اور دستیابی کی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا، تاہم اس کی تیاری کے آثار سامنے آنے کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ اسے مستقبل قریب میں صارفین کے لیے پیش کیا جاسکتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت