وزیراعظم شہباز شریف کی قطری وزیر داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سیکیورٹی فورس سے ملاقات

اسلام آباد: پاکستان اور قطر نے داخلی سلامتی کے شعبے میں باہمی تعاون کو وسعت دینے اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت اور منشیات کی روک تھام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر دستخط کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے قطر کے وزیر داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا) شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، داخلی سلامتی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امور زیر بحث آئے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے قطری وزیر داخلہ کا پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے پاکستان اور قطر کی وزارت داخلہ سمیت متعلقہ اداروں کے درمیان روابط اور اشتراکِ عمل کو نئی وسعت ملے گی۔
شہباز شریف نے امیر قطر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی حمایت پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کو مائع قدرتی گیس کی مسلسل فراہمی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ قطر کی جانب سے توانائی کے شعبے میں تعاون ملک کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 3 لاکھ پاکستانی قطر میں روزگار سے وابستہ ہیں اور وہاں کی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں، بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، مویشی بانی، معلوماتی ٹیکنالوجی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو وسعت دی جاسکتی ہے۔
قطری وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، جبکہ امیر قطر کی جانب سے شہباز شریف کو تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے اہم دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کی داخلی سلامتی فورس لخویا اور پاکستان کی وفاقی کانسٹیبلری کے درمیان تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر قطر کی جانب سے شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی جبکہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے متعلقہ دستاویزات پر دستخط کیے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا اور منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
ملاقات اور دستخطوں کی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، توانائی امور کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے قطر سے آئے ہوئے معزز مہمان اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت