فضل الرحمان کےگھرکی ناکہ بندی ہوگئی،سینیٹرکامران

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کی ناکہ بندی شروع کردی گئی ہے۔
فضل الرحمان کی ذاتی سیکورٹی، خاندان اور ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشگاہ کی سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے اور گھر کے باہر پولیس ناکہ لگا کر کارکنوں کو جان بوجھ کر اشتعال دلایا جا رہا ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے۔
اگر کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی تو اس کی ذمہ داری وزیرِ داخلہ اور وزیرِ اعظم پر عائد ہوگی کیوں کہ بلا اشتعال کاروائیاں جاری ہیں، حکومت قانون کی حدود میں رہے۔
وکلاءاور کارکنان ہوشیار رہیں، قائدین کے تحفظ کےلیے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ باہر کارکن جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں، ایسا لگتا ہے ساتھیوں اور کارکنوں کو جان بوجھ کر اشتعال دلایا جا رہا ہے تاکہ خدانخواستہ کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوجائے، کسی ناخوشگوار واقعے کے ذمہ دار وزیرِ داخلہ اور وزیرِ اعظم ہوں گے۔
اسپیکر کو بھی پیغام اور وائس نوٹ بھیجا کہ ان کے ایک رکن کے ہاں یہ سب کچھ ہو رہا ہے، تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا، کوئی رابطہ نہیں ہوا، تاہم اگر کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو سامنے آ کر بات کرے۔
جے یو آئی ف کے رہنما نے کہا کہ گھر کے باہر سڑک پر ناکہ لگانا ایک تو تضحیک آمیز رویہ ہے اور دوسرا کارکنان مولانا اور جماعت کو اپنے بزرگ کی طرح مانتے ہیں لہٰذا خدانخواستہ کسی کے ہاتھوں کوئی بات ہوگئی تو مسئلہ بن جائے گا۔
اس طرزِ عمل سے گریز کیا جائے، ہم امن پسند اور قانون پسند ہیں، اشتعال دلا کر یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے کہ جیسے کوئی دہشت گرد تنظیم ہو تاکہ الزام لگانے میں آسانی ہو۔
پاکستان اور دستور کے پابند لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا تو وہ لوگ کیا سوچیں گے جو پاکستان کا نام نہیں لیتے۔
پولیس ناکے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میں خود مولانا کے اسسٹنٹ طارق کے ساتھ گیا اور وجہ پوچھی، ناکہ تھوڑا آگے پیچھے لگانے کی درخواست بھی کی مگر پولیس نے اصرار کیا کہ ناکہ وہیں لگے گا، جس پر قانون ہاتھ میں نہ لینے کے اصول کے تحت وہ خاموشی سے واپس آ گئے۔
مولانا فضل الرحمان نے بھی کارکنان کو پرامن رہنے اور قانون ہاتھ میں نہ لینے کی ہدایت کی ہے اور فی الحال پرامن رہنے کی ہی کال دی جا رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت