طلال محسن نقوی کے پرسنل سیکرٹری ہیں،ندیم افضل چن

اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان ندیم افضل چن نے وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کی تنقید پر شدید جوابی وار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے اندرونی معاملات سے متعلق دعویٰ کیا ہے کہ طلال چودھری کو خود ان کی اپنی جماعت اون نہیں کرتی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ طلال چودھری عملی طور پر محض وفاقی وزیر داخلہ کے پرسنل سیکرٹری کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ انہیں خود مسلم لیگ ن والے بھی انہیں اون نہیں کرتے۔
ان کا کہنا ہے کہ طلال چودھری کو مسلم لیگ ن کی اہم پارٹی میٹنگز میں اس لیے نہیں بلایا جاتا کہ کہیں اندرونی بات باہر نہ نکل جائے اور یہ بات انہیں خود مسلم لیگ ن کے چند بڑے اور بااثر رہنمائوں نے بتائی ہے۔
طلال چودھری اب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کور گروپ میں بھی شامل نہیں رہے، اس لیے ان کے بیانات کی کوئی سیاسی وقعت نہیں ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے دباو ¿ سے متعلق دیے گئے بیان پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں ندیم افضل چن نے واضح کیا کہ اس تمام معاملے پر پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بات چیت اور غور و خوض ہوگا۔
جب ترجمان پیپلز پارٹی سے استفسار کیا گیا کہ آیا خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کا معاملہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی میں ڈسکس ہوا تھا؟ تو ندیم افضل چن نے جواب دیا کہ یہ معاملہ سی ای سی میں زیرِ بحث نہیں آیا۔
اس پر صحافی نے اگلا سوال پوچھا کہ کیا گورنر راج کی منظوری بھی کسی دبائومیں دی گئی تھی؟ جس پر ندیم افضل چن نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ نہیں صدرِ مملکت کسی قسم کا دبائونہیں لیتے۔
جب ان سے سوال پوچھا گیا کہ اگر صدر دبائونہیں لیتے تو پھر 27ویں ترمیم پر دبائوکیسے لیا گیا اور سی ای سی کی مشاورت کے بغیر گورنر راج کا فیصلہ کیسے ہوا؟ تو اس پر ندیم افضل چن نے مسکراتے ہوئے بات ٹال دی اور کہا کہ میں ابھی یہ نہیں بتا سکتا کیونکہ اس میں کئی شرفاءکے نام شامل ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت