جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کے خلاف مختصر فوجی کارروائی کے لیے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی کوششیں تیز ہوگئیں

قومی خبریں
ایران کے خلاف مختصر فوجی کارروائی کے لیے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی کوششیں تیز ہوگئیں

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف محدود فوجی کارروائی میں اسرائیل کا ساتھ دینے پر آمادہ کرنے کی کوششیں تیز کر رہے ہیں، جس کے تحت ایران پر 4 سے 7 روز تک فضائی حملے کیے جانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی قیادت واشنگٹن پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ ایران کی جوہری اور توانائی کی تنصیبات کو ممکنہ حملوں کا ہدف بنایا جائے جبکہ اسرائیلی خفیہ اداروں کے حکام بھی امریکی حکومت کو اس حوالے سے کارروائی کی ضرورت پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام امریکی قیادت کو ایران کی بڑھتی ہوئی عسکری صلاحیتوں سے متعلق خدشات سے آگاہ کررہے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ تہران نے اپنے میزائلوں اور بغیر پائلٹ طیاروں کے ذخائر دوبارہ بڑھا لیے ہیں، جبکہ ایران کے پاس کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیار بھی موجود ہیں، جنہیں بغیر پائلٹ طیاروں کے ذریعے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی حکام کی اکثریت ان دعوؤں سے مختلف رائے رکھتی ہے اور ان کا خیال ہے کہ ایران مذکورہ ہتھیاروں کو جارحانہ کارروائیوں کے بجائے دفاعی مقاصد اور مخالف قوتوں کو حملے سے روکنے کے لیے تیار کررہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل میں گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات کے بعد اپوزیشن جماعتیں مخلوط حکومت تشکیل دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم نیتن یاہو اس سیاسی پیش رفت کو روکنے کے لیے کوشاں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع ہونے سے اسرائیل میں اپوزیشن کی حکومت بنانے کی کوششیں متاثر ہوسکتی ہیں، جبکہ اس صورتحال میں نیتن یاہو کی شمولیت کے ساتھ قومی یکجہتی کی حکومت تشکیل دینے کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے امریکی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب خطے میں کشیدگی کے دوبارہ بڑھنے اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری تصادم کے خدشات عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت