پاکستان اور آسیان ممالک تجارت، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر متفق

اسلام آباد: پاکسان اور آسیان ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے، تجارت ، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیاہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں، دونوں شراکت داری آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے آسیان کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں، پاکستان آسیان کے ساتھ شراکت داری آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ وفود کی سطح پر مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کا اہم موقع موجود ہے، دونوں کے درمیان اقتصادی تعاون اور عوامی روابط بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت