بلیاں انسانوں کے سامنے ہی زیادہ میاؤں میاؤں کیوں کرتی ہیں؟

بلیوں کی میاؤں میاؤں کو محض ان کی عام آواز سمجھنا درست نہیں، کیونکہ ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ آوازیں وہ زیادہ تر انسانوں سے رابطے، توجہ حاصل کرنے اور اپنی مشکلات کا حل تلاش کرنے کے لیے نکالتی ہیں، جبکہ دوسری بلیوں کے ساتھ بات چیت میں اس انداز کا استعمال نسبتاً کم ہوتا ہے۔
کتے مختلف وجوہات کی بنا پر بھونکتے ہیں، کبھی کسی اجنبی کی آمد سے خبردار کرنے کے لیے، کبھی کھیلنے کی خواہش میں، خوف کے باعث یا اپنے مالک کی توجہ حاصل کرنے کے لیے، لیکن بلیوں کی میاؤں میاؤں کا انداز بظاہر انسانوں کے ساتھ ان کے تعلق کی ایک منفرد خصوصیت ہے۔
تحقیق کے مطابق بلیاں اپنی زیادہ تر میاؤں جیسی آوازیں انسانوں کے لیے مخصوص رکھتی ہیں جبکہ بالغ بلیاں ایک دوسرے سے رابطے کے لیے جسمانی حرکات، خوشبو اور دیگر آوازوں کا سہارا لیتی ہیں۔
اس دلچسپ رویے کو سمجھنے کے لیے محققین نے 38 بلیوں پر تجربہ کیا، جس کے نتائج جانوروں کے رویوں سے متعلق سائنسی جریدے ’اینیمل بی ہیویئر‘ میں شائع ہوئے۔ تحقیق میں یہ جائزہ لیا گیا کہ بلیاں مشکل صورتحال میں اپنے مالک کی موجودگی اور غیر موجودگی میں کس طرح ردعمل ظاہر کرتی ہیں۔
تجربے کے دوران بلیوں کے سامنے کھانے کی اشیا ایک ایسے ڈبے میں رکھی گئیں جسے وہ دیکھ اور سونگھ تو سکتی تھیں، لیکن اس میں سے کھانا نکالنے میں کامیاب نہیں ہو رہی تھیں۔ اس کے بعد محققین نے مشاہدہ کیا کہ جب کمرے میں کوئی انسان موجود ہوتا ہے اور جب بلیاں تنہا ہوتی ہیں تو ان کے رویے میں کیا فرق پیدا ہوتا ہے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جب بلیاں کمرے میں اکیلی ہوتیں تو وہ زیادہ تر خاموش رہ کر کھانے کے ڈبے سے چیزیں نکالنے کی کوشش کرتی تھیں، تاہم کسی انسان کی موجودگی میں ان کی آوازیں نکالنے کی شرح نمایاں طور پر بڑھ جاتی تھی۔
محققین کے مطابق انسان کی موجودگی میں بلیوں کے میاؤں میاؤں کرنے کا امکان 16 گنا زیادہ تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی مشکل کا اظہار کرنے اور مدد حاصل کرنے کے لیے انسانوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ مشکل صورتحال میں بلیاں پہلے انسان کی طرف دیکھتی ہیں اور پھر اپنی نگاہیں کھانے کے ڈبے کی جانب منتقل کرتی ہیں، گویا وہ اپنے مالک کو اس چیز کی طرف متوجہ کرکے مدد طلب کررہی ہوں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بلیاں وقت کے ساتھ یہ سیکھ لیتی ہیں کہ انسان ان کی آوازوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہیں، چاہے وہ کھانا فراہم کرنا ہو، دروازہ کھولنا ہو یا انہیں پیار کرنا ہو۔ اسی وجہ سے میاؤں میاؤں کرنا انسانوں سے رابطے کا ایک مؤثر ذریعہ بن جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بلی کے بچے اپنی ماں کو بلانے کے لیے میاؤں کی آواز نکالتے ہیں، لیکن بالغ ہونے کے بعد یہ طریقہ زیادہ تر انسانوں کے ساتھ رابطے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جبکہ دوسری بالغ بلیوں کے ساتھ گفتگو میں اس آواز کا استعمال معمول نہیں ہوتا۔
محققین نے واضح کیا کہ یہ تحقیق محدود پیمانے پر کی گئی ہے اور اس کے نتائج کو حتمی قرار نہیں دیا جاسکتا، تاہم ابتدائی شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ بلیوں کی میاؤں میاؤں محض آواز نہیں بلکہ انسانوں سے مدد، توجہ اور رابطہ قائم کرنے کا ایک مخصوص طریقہ ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت