جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے اقتدار اور ذاتی مفادات کے لیے سیاسی اتحاد بنائے: منعم ظفر

قومی خبریں
ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے اقتدار اور ذاتی مفادات کے لیے سیاسی اتحاد بنائے: منعم ظفر

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سیاسی جماعتوں کے اتحادوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ ن نے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے سیاسی اتحاد تشکیل دیے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سمیت دیگر اتحاد بھی عوامی فلاح کے بجائے اقتدار کے حصول اور این آر او کے لیے قائم کیے گئے۔

ادارہ نورِ حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کو عوامی خدمت کے بجائے اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا۔ 2008 سے 2013 تک پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ ایک دوسرے کی اتحادی رہیں، جبکہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں نے مل کر سیاسی محاذ تشکیل دیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی اصولی طور پر حمایت کرتی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ آئینی حدود کے اندر اور تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے ہونا چاہیے۔ ایسے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا جو انتظامی تقسیم کے نام پر لوگوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

منعم ظفر خان نے موجودہ اسمبلیوں میں منتخب نمائندوں کی عوامی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کراچی کے شہریوں کے انتخابی مینڈیٹ کو پامال کرکے مخصوص افراد کو اقتدار میں لایا گیا۔ کراچی کی قومی اسمبلی کی 15 نشستوں میں سے 7 پیپلز پارٹی کے حوالے کردی گئیں، جبکہ بلدیاتی انتخابات میں حلقہ بندیوں اور نتائج کے ذریعے بھی دھاندلی کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلدیاتی نتائج میں تبدیلی کرکے کراچی کی میئرشپ پر قبضہ کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جاگیردارانہ سوچ شہروں اور عوام کے حقوق کو تسلیم کرنے میں رکاوٹ ہے، اسے نہ شہری آبادیوں کی اہمیت کا احساس ہے اور نہ ہی سندھ کے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار، صوبے میں تعلیمی نظام تباہی سے دوچار ہے اور 70 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ بھاری صوبائی بجٹ خرچ ہونے کے باوجود تعلیمی شعبے کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام کو درپیش مشکلات مسلسل بڑھ رہی ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات دکھائی نہیں دیتے۔ اس کے برعکس جماعت اسلامی کراچی کے 9 ٹاؤنز میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کام کررہی ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر کے حوالے سے جماعت اسلامی کا ماضی بھی نمایاں رہا ہے اور نعمت اللہ خان کے دور میں شہر کو متعدد ترقیاتی منصوبے فراہم کیے گئے تھے۔

کراچی میں گیس کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورنگی، لائنز ایریا اور دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی کا کوئی واضح نظام الاوقات موجود نہیں، جبکہ بعض مقامات پر گیس مکمل طور پر غائب ہے۔ اس صورتحال نے شہریوں، بالخصوص خواتین کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے اور بچوں کے لیے ناشتہ تیار کرنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری مہنگی مائع گیس خریدنے پر مجبور ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ منعم ظفر خان نے مطالبہ کیا کہ موسم سرما میں شہریوں کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت