جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکا کی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 309 رنز، پاکستان کے خلاف 82 رنز کی برتری حاصل

قومی خبریں
راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکا کی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 309 رنز، پاکستان کے خلاف 82 رنز کی برتری حاصل

پاکستان کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بناتے ہوئے مجموعی طور پر 82 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ میلان رتنائیکے 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

مہمان ٹیم نے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز 74 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو پاکستانی بولرز کو توقع تھی کہ وہ سری لنکن بیٹنگ لائن کو جلد قابو کرکے اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب ہوجائیں گے، تاہم مڈل آرڈر اور نچلے نمبروں کے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ دیگر بلے بازوں نے بھی پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت جاری رکھی۔ مہمان ٹیم نے نہ صرف پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کی بلکہ کھیل کے اختتام تک 82 رنز کی سبقت بھی حاصل کرلی۔

سری لنکا کی جانب سے میلان رتنائیکے 60 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، جبکہ سونال دھنوشو نے 54، کپتان کوشال مینڈس نے 53، پسندو نے 38 اور دھننجایا ڈی سلوا نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 67 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس اور رضا اللہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ ثاقب خان اور سلمان آغا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا کی 9 وکٹیں گر چکی ہیں اور اسے پاکستان کے خلاف 82 رنز کی برتری حاصل ہے، جس کے باعث آخری روز میچ میں دونوں ٹیموں کے لیے صورتحال اہم ہوگئی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت