میٹا کا انسٹاگرام چیٹ کے لیے الگ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

میٹا کی زیرملکیت فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ کی معروف ایپلیکیشن انسٹاگرام کے پیغام رسانی کے نظام کو مرکزی ایپ سے الگ کرنے کے لیے میٹا نئی ایپ متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے، جس کا نام ڈائریکٹ رکھا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو صرف باہمی گفتگو کے لیے مخصوص پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں انہیں انسٹاگرام کی پوسٹس، مختصر ویڈیوز اور دیگر مواد دیکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق نئی ایپ کے ذریعے صارفین ایک دوسرے سے انفرادی اور گروپ چیٹ کرسکیں گے جبکہ انسٹاگرام اکاؤنٹ نہ رکھنے والے افراد بھی اس پلیٹ فارم پر دوسروں کو پیغامات بھیجنے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے ڈائریکٹ میں گفتگو کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے انسٹاگرام کے متعدد موجودہ فیچرز بھی شامل کیے جا رہے ہیں، جن میں تصاویر پر اپنی مرضی سے نقش و نگار بنانے کی سہولت، شخصی انداز کے اسٹیکرز، آواز کے مختلف اثرات اور گفتگو کے لیے مخصوص تھیمز شامل ہیں۔
یہ نئی ایپ دراصل انسٹاگرام کے پیغام رسانی کے نظام کو الگ پلیٹ فارم کی شکل دینے کی کوشش ہے، جس طرح فیس بک نے اپنے پیغام رسانی کے نظام کو مرکزی پلیٹ فارم سے جدا کرکے میسنجر کی صورت میں متعارف کرایا تھا۔
واضح رہے کہ انسٹاگرام میں براہ راست پیغامات بھیجنے کی سہولت 2013 میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کے ذریعے صارفین تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ ایک دوسرے سے نجی گفتگو بھی کرسکتے تھے۔ تاہم اب اس نظام کو مستقل طور پر الگ ایپ کی شکل دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ابتدائی طور پر ڈائریکٹ ایپ صرف ترکیہ اور تھائی لینڈ کے صارفین کے لیے دستیاب ہے، جبکہ میٹا کے مطابق اس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے کم از کم عمر 13 سال مقرر کی گئی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت