وزیراعظم کا سرکاری اداروں کی کارکردگی پر کڑی نگرانی کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے تشکیل دیے گئے نئے نظام کے تحت اہداف کے حصول میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر کو ناقابلِ برداشت قرار دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پی ایم او ایس کا نیا نظام سرکاری محکموں کی افادیت کو پرکھنے کے لیے انتہائی موثر ہے، جس کا مقصد حکومتی امور میں شفافیت لانا اور متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے تاکہ ملکی معیشت مضبوط ہو۔
وزیراعظم نے زرعی شعبے کی ترقی کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید سائنسی تحقیق ہی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کا واحد راستہ ہے۔ حکومت کاشتکاروں کو جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ لاگت میں کمی آئے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کسانوں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کے لیے میرا کسان ایپلی کیشن کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی ایڈوائزری کونسل قائم کی گئی ہے جو زرعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات لانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
ملک بھر میں زرعی اجناس کو محفوظ بنانے کے لیے اسٹوریج کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ کسانوں کو قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پہنچنے والے نقصانات سے بچانے کے لیے فصلوں کی انشورنس کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور اس کی کوریج کو بڑھانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی تنظیم نو کا عمل بھی جاری ہے تاکہ اسے جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احسن اقبال، احد خان چیمہ، جام کمال، شزا فاطمہ اور بلال اظہر کیانی کے علاوہ دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت