پی ٹی آئی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہو، مثبت تجاویز مسودے کا حصہ بنائیں گے، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کی مثبت تجاویز کو حتمی مسودے میں شامل کیا جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے نام کمیٹی کے لیے موصول ہوچکے ہیں، تاہم اپوزیشن کی جانب سے نام نہ بھیجے جانے کے باعث کمیٹی تشکیل نہیں پا سکی۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق اپوزیشن کے نام موصول ہوتے ہی اسپیکر کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ٹاک شوز اور اسمبلی میں تحفظات بیان کرنے کے بجائے کمیٹی میں اپنا مؤقف پیش کرے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کمیٹی میں پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات سے متعلق تحفظات اور تجاویز پیش کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ انتخابی اصلاحات کے علاوہ موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی جا سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت