مکہ کلاک ٹاور نے مزید دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے

مکہ مکرمہ کے رائل کمیشن نے مکہ کلاک ٹاور کے نام مزید دو عالمی ریکارڈ درج کرا دیے۔
کلاک ٹاور کو دنیا کا بلند ترین عجائب گھر اور بلند ترین کھلا مشاہداتی مقام ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہ دونوں ریکارڈ 5 جنوری کو قائم کیے گئے۔ کلاک ٹاور کا عجائب گھر زمین سے 426.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جبکہ کھلا مشاہداتی مقام 560.875 میٹر کی بلندی پر قائم ہے۔
مشاہداتی مقام سے مسجد الحرام اور مکہ مکرمہ کے گردونواح کا دلکش منظر دیکھا جاسکتا ہے۔ کلاک ٹاور کا عجائب گھر مئی 2019 میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا، جو عمارت کی بالائی چار منزلوں پر مشتمل ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت