جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جسے کوئی بھی تبدیل نہ کرسکے، ٹرمپ

قومی خبریں
ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جسے کوئی بھی تبدیل نہ کرسکے، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ایک ایسے دیرپا اور مضبوط معاہدے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جسے مستقبل میں کوئی کمزور امریکی صدر بھی منسوخ نہ کر سکے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ سمجھوتہ آنے والی تمام امریکی حکومتوں کے لیے بھی مکمل طور پر قابلِ عمل رہے۔

امریکی صدر نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ حتمی معاہدہ طے پانے تک امریکی فوجی دستے وہاں موجود رہیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس مسئلے کو کسی بھی صورت میں مکمل طور پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا تاکہ خطے میں کشیدگی کا خاتمہ ہوسکے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس وقت ایران کی داخلی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے اور ان کی عسکری صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے بحری جہاز اور طیارے ختم ہوچکے ہیں، تاہم ان کے اس دعوے کے حق میں کسی قسم کے تفصیلی یا ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے ایران کے ساتھ سابقہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو غلطی ماننے سے انکار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس عرصے نے امریکا کو ایران کی اصلیت سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تجربے سے ثابت ہوا کہ تہران پر کسی بھی صورت اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدہ تعلقات برقرار ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مسلسل دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی کا مقصد ایران کو ایک ایسے معاہدے پر مجبور کرنا ہے جو امریکا کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے اور مستقبل میں کسی بھی طرح کی تبدیلی سے محفوظ رہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت