جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر میں آتشزدگی، شیٹرنگ والی چھت منہدم ہوگئی

قومی خبریں

کراچی: کورنگی کریک کے علاقے ابراہیم حیدری کے قریب نجی ٹی وی چینل کے دفتر میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے عمارت کے بالائی حصے میں واقع آڈیٹوریم شدید متاثر ہوگیا جبکہ آگ کی شدت کے باعث شیٹرنگ لگی چھت بھی زمین بوس ہوگئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے محکمہ آتشزدگی اور امدادی ادارے 1122 کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جنہوں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا اور اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ نجی ٹی وی چینل کے آڈیٹوریم میں لگی، جس کے نتیجے میں اندر موجود سامان جل کر تباہ ہوگیا اور آڈیٹوریم مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آنے کے بعد اس کی چھت بھی منہدم ہوگئی۔

امدادی ادارے 1122 کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا، جس کے باعث کسی بھی شخص کے آگ میں پھنسنے یا زخمی ہونے کا خدشہ ٹل گیا۔

واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی، جبکہ آتشزدگی سے ہونے والے مالی نقصان اور آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت