خالد مقبول صدیقی کے بیان پر سندھ حکومت کا ردعمل، صوبے کی تقسیم کی مخالفت

ایم کیو ایم کے سربراہ اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس پر سندھ حکومت کے وزرا اور ترجمانوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی کوئی کوشش قبول نہیں کی جائے گی اور لسانی بنیادوں پر عوام کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس میں قومی یکجہتی، پارلیمنٹ کی بالادستی اور عوامی خواہشات کی ترجمانی کی گئی۔ ان کے مطابق قومی فیصلے آئین، جمہوری اصولوں اور سیاسی مشاورت کے تحت ہونے چاہئیں، جبکہ تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ میں نہ نئے صوبے بنیں گے اور نہ ریفرنڈم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی پہلے ہی نئے صوبوں کی تجویز مسترد کر چکی ہے اور آئین میں صوبوں سے متعلق واضح طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم قیادت پر زور دیا کہ وہ سندھ کے عوام کے مینڈیٹ اور جذبات کا احترام کرے۔
سندھ حکومت کی ترجمان سمعیہ افضال سید نے بھی خالد مقبول صدیقی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور بھٹو خاندان کے خلاف ذاتی نوعیت کی گفتگو سیاسی و فکری پستی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے خالد مقبول صدیقی کو ان کی جماعت کے رہنما مصطفیٰ کمال کے ماضی کے بیانات کی یاد دہانی بھی کرائی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت