جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام کی قید میں 6 ماہ کی توسیع

قومی خبریں
غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام کی قید میں 6 ماہ کی توسیع

غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ قابض ریاست کی متعصب عدالت نے انہیں مزید 6 ماہ تک جیل میں رکھنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق حیران کن بات یہ ہے کہ ان پر تاحال کوئی باقاعدہ فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق بیر السبع کی عدالت نے اپنے فیصلے میں ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو ریاست اسرائیل کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ اسرائیلی حکام کی جانب سے ان کی حراست کو بڑھانے کا یہ اقدام عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے کی جانے والی اپیلوں کے باوجود سامنے آیا ہے۔

ڈاکٹر حسام کو دسمبر 2024 میں شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال پر اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ اس آپریشن کے دوران اسپتال کے متعدد طبی عملے اور زیر علاج مریضوں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا جو اب بھی اسرائیلی قید میں موجود ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے جولائی میں اسرائیل سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈاکٹر حسام کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ اقوام متحدہ نے ان پر ہونے والے مبینہ تشدد، تنہائی میں قید اور بنیادی طبی سہولتوں سے محرومی کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔

انسانی حقوق کی اسرائیلی تنظیموں کے مطابق حالیہ طبی معائنے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈاکٹر ابو صفیہ کی صحت مسلسل گر رہی ہے۔ ان کے وزن میں نمایاں کمی کے ساتھ خون میں ہیموگلوبن کی سطح بھی خطرناک حد تک کم ہو چکی ہے اور وہ سینے کے درد میں مبتلا ہیں۔

اسرائیلی سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے ہی 14 فلسطینی ڈاکٹروں کی رہائی سے متعلق ایک اور اہم درخواست مسترد کر دی تھی۔ ان تمام ڈاکٹروں کو کسی ٹھوس قانونی الزام یا مقدمے کے بغیر طویل عرصے سے اسرائیلی جیلوں میں قید رکھا گیا ہے، جو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت