جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکا میں 11 ملین ڈالر کی کرپٹو کرنسی چوری کرنے والا برطانوی ہیکر قید

قومی خبریں
امریکا میں 11 ملین ڈالر کی کرپٹو کرنسی چوری کرنے والا برطانوی ہیکر قید

واشنگٹن: امریکی عدالت نے کروڑوں ڈالر کی کرپٹو کرنسی چوری کرنے اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نظام میں نقب لگانے والے برطانوی ہیکر ٹائلر بوچنن کو 6 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

نوجوان ہیکر نے عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا جس کے بعد اسے سزا دی گئی۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر ڈنڈی سے تعلق رکھنے والا 24 سالہ ٹائلر بوچنن خطرناک ہیکنگ گروہ اسکیٹرڈ اسپائیڈر کا سرگرم رکن تھا۔

اس نوجوان نے 2021 سے 2023 کے دوران ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کی نامور کمپنیوں کے ملازمین کو نشانہ بنایا اور ان کی نجی معلومات حاصل کیں۔

ہیکر نے ملازمین کو جعلی پیغامات بھیجے جن میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کے دفتری اکاؤنٹس کی مدت ختم ہو رہی ہے۔ ان پیغامات میں موجود جعلی ویب سائٹس کے لنکس پر کلک کر کے ملازمین نے نادانستہ طور پر اپنے پاس ورڈز اور خفیہ معلومات ہیکر تک پہنچا دیں۔

بوچنن نے معلومات چوری کرنے کے لیے ٹیلی گرام پر ایک جدید خودکار سسٹم قائم کر رکھا تھا۔ اس نے سم کی غیر قانونی منتقلی اور دیگر جدید ہتھکنڈوں کے ذریعے امریکی شہریوں کے کرپٹو کرنسی والٹس تک رسائی حاصل کی اور لاکھوں ڈالرز کی ڈیجیٹل کرنسی لوٹ لی۔

ایک متاثرہ شخص کو اکیلے ہی 16 لاکھ 70 ہزار ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔ اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کے دوران ہیکر نے مجموعی طور پر ایک کروڑ 16 لاکھ ڈالر سے زائد کی کرپٹو کرنسی چرائی۔ عدالتی کارروائی کے لیے اسے اسپین سے امریکا منتقل کیا گیا تھا۔

عدالت نے تمام ثبوتوں اور ملزم کے اعتراف جرم کے بعد اسے 72 ماہ یعنی 6 سال قید کی سزا کا حکم دیا۔ یہ کیس جدید دور میں سائبر سیکیورٹی کی اہمیت اور بڑے کاروباری اداروں کی ڈیجیٹل کمزوریوں کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک اہم مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ملازمین کو اس طرح کے فشنگ حملوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ بوچنن کی سزا ان تمام عناصر کے لیے ایک سخت پیغام ہے جو عالمی کمپنیوں کو نشانہ بنا کر مالی فائدہ حاصل کرنے کی گھنونی کوششوں میں ملوث ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت