جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کپاس کے شعبے میں معیار گرنے سے صنعتوں کی تشویش بڑھ گئی

قومی خبریں

کراچی: پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں محدود پیمانے پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم موسمی تبدیلیوں اور گنے کی کاشت کے باعث پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی نے کاٹن کے معیار کو بری طرح متاثر کیا ہے جس پر پورے صنعتی شعبے میں تشویش پائی جاتی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کاٹن جنرز فورم کے چیئرمین احسان الحق نے کہا کہ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق 15 نومبر تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 6 فیصد اضافے کے ساتھ مجموعی طور پر 51 لاکھ 31 ہزار گانٹھوں کے مساوی پھٹی پہنچی ہے۔

مذکورہ مدت میں پنجاب کی جننگ فیکٹریوں میں 22 لاکھ 52 ہزار گانٹھیں جبکہ سندھ کی فیکٹریوں میں 28 لاکھ 79 ہزار گانٹھوں کے برابر پھٹی موصول ہوئی ہے، جو کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں بالترتیب 4 فیصد اور 7 فیصد زائد ہے۔ اس وقت ملک بھر میں مجموعی طور پر 410 جننگ فیکٹریاں فعال ہیں۔

ٹیکسٹائل ملوں نے اب تک جننگ فیکٹریوں سے 44 لاکھ 42 ہزار گانٹھیں خریدی ہیں، جبکہ برآمد کنندگان نے 94 ہزار 400 گانٹھوں کی خریداری کی ہے۔

اس وقت ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 5 لاکھ 91 ہزار گانٹھوں کے مساوی قابلِ فروخت ذخائر موجود ہیں جو مارکیٹ کی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔

صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ کی جننگ فیکٹریوں میں سب سے زیادہ 11 لاکھ 22 ہزار گانٹھیں پہنچی ہیں۔ پنجاب کے اضلاع میں بہاولنگر 6 لاکھ 3 ہزار، بہاولپور 4 لاکھ 35 ہزار، اور ڈیرہ غازی خان 3 لاکھ 5 ہزار گانٹھوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔ سندھ میں سکھر، نوشہروفیروز اور خیرپور بھی پیداوار کے اہم مراکز ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کپاس کے معیار میں کمی کے باعث مقامی صنعت کاروں کو بلوچی روئی کی جانب متوجہ ہونا پڑ سکتا ہے اور مستقبل میں روئی کی درآمدات میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس صورتحال نے روئی کی کم از کم اور زیادہ سے زیادہ قیمتوں میں نمایاں فرق بھی پیدا کر دیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت