جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی ائیرپورٹ کی پارکنگ میں لفٹنگ کے دوران ہائبرڈ کار جل کر خاک

قومی خبریں

کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں گاڑی لفٹر کے ذریعے اٹھانے کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی ہائبرڈ کار جل کر خاکستر ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پارکنگ میں کار میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ جناح ٹرمینل آنے والے ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی گاڑی ممنوعہ پارکنگ میں کھڑی کی تھی۔

جناح ٹرمینل پر پارکنگ کا انتظام چلانے والی نجی کمپنی ممنوعہ جگہوں پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھا کر بھاری جرمانے وصول کرتی ہے۔ کمپنی کے لفٹر آپریٹر نے جیسے ہی مذکورہ کار کو اٹھایا، اس کے اندر آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم لفٹر ڈرائیور جلتی ہوئی گاڑی کو دوسری گاڑیوں سے دور ایک سنسان مقام تک پہنچانے میں کامیاب ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ایئرپورٹس اتھارٹی کے فائر فائٹرز کے پہنچنے تک قیمتی گاڑی مکمل طور پر جل چکی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق جلنے والی گاڑی ہائبرڈ تھی اور لفٹنگ کے دوران اس کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ ہوا، جس کے باعث حساس بیٹریوں نے آگ پکڑ لی۔ ایئرپورٹ حکام نے بھی تصدیق کی کہ گاڑی کو لفٹنگ کے دوران آگ لگی۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ لفٹر آپریٹرز غیر تربیت یافتہ ہیں، جس کے باعث گاڑیاں اٹھانے کے دوران اکثر انہیں نقصان پہنچتا ہے۔ ذرائع نے الزام عائد کیا کہ بھاری جرمانے وصول کرنے کے لیے بعض اوقات غیر ضروری طور پر بھی گاڑیاں اٹھائی جاتی ہیں۔

دوسری جانب کار کے مالک نے نجی کمپنی کے خلاف نقصان کے ازالے کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔

جناح ٹرمینل کی پارکنگ میں بیک وقت سیکڑوں گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، تاہم وہاں نہ تو فائر ہائیڈرنٹس موجود ہیں اور نہ ہی آگ پر فوری قابو پانے کے لیے کوئی متبادل انتظام ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت