جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران سے کشیدگی: امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کا ہنگامی دورہ اسرائیل

قومی خبریں
ایران سے کشیدگی: امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کا ہنگامی دورہ اسرائیل

مقبوضہ بیت المقدس: ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال کے دوران امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر اہم دورے پر اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔

ان کا یہ دورہ خطے میں پیدا ہونے والے شدید فوجی تناؤ کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر اور دیگر اعلیٰ عسکری قیادت کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔ ان مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے فوجی حکام نے ایران کی جانب سے ممکنہ خطرات اور اس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا۔ امریکی کمانڈر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیلی افواج کو کسی بھی قسم کی ہنگامی کارروائی کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

اس سے قبل امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے کمانڈر کرٹ رینشا نے بھی اسرائیلی بحریہ کے حکام سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں بحری محاذوں پر تعاون اور فوجی سرگرمیوں کو ہم آہنگ کرنے پر بات چیت کی گئی تھی تاکہ کسی بھی ممکنہ بحری چیلنج کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ مارچ میں ہونے والے ایک حملے کے بعد سے خطے میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں جس کے نتیجے میں عالمی منڈیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ خاص طور پر آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو عالمی معیشت کے لیے باعث تشویش ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی اعلیٰ حکام کے مسلسل دورے اس بات کی علامت ہیں کہ واشنگٹن اپنے اتحادی اسرائیل کی سکیورٹی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ ایران کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی نے مشرق وسطیٰ میں فوجی مداخلت کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت