جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اے آئی کا دور: کیمبرج ڈکشنری میں لفظ برائے سال 2026 کے لیے’ہیومن‘ کا انتخاب

قومی خبریں
اے آئی کا دور: کیمبرج ڈکشنری میں لفظ برائے سال 2026 کے لیے’ہیومن‘ کا انتخاب

کیمبرج: مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات اور انسان و مشین کے درمیان فرق کو واضح کرنے کے لیے کیمبرج ڈکشنری نے لفظ ہیومن کو سال 2026 کا لفظ منتخب کر لیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں انسانی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

کیمبرج ڈکشنری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال دنیا بھر میں یہ بحث شدت اختیار کر گئی ہے کہ مصنوعی ذہانت کے غلبے میں انسان ہونے کا حقیقی مطلب کیا ہے۔ یہ لفظ انسانی احساسات، خوبیوں اور خامیوں کی عکاسی کرتا ہے جو مشینوں سے مختلف ہے۔

ڈکشنری میں ہیومن کی تعریف ایک ایسے فرد کے طور پر کی گئی ہے جو مشینوں، جانوروں اور خداؤں سے الگ شناخت رکھتا ہے۔ ماہرِ لسانیات کولن میک اِنٹوش نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے انسانی وجود اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے بارے میں گفتگو کا پورا انداز یکسر بدل دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہیومن میڈ جیسی اصطلاحات کا بڑھتا ہوا استعمال اس بات کا ثبوت ہے کہ اب لوگ انسانی تخلیق اور مشینوں سے تیار کردہ مواد میں واضح فرق کرنا چاہتے ہیں۔ یہ رجحان ڈیجیٹل دنیا میں انسانوں کی اپنی الگ پہچان برقرار رکھنے کی ایک کوشش ہے۔

مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز اور آوازوں نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے۔

معروف شخصیات اپنی شناخت اور آواز کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کر رہی ہیں تاکہ انسانی پہچان کو ہر حال میں محفوظ رکھا جا سکے اور دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔

علاوہ ازیں کیمبرج ڈکشنری نے سال کے اہم انتخاب کے ساتھ ساتھ کئی نئی اصطلاحات بھی شامل کی ہیں۔ ان میں اورا فارمنگ، لکس میکسنگ اور ایئر جیل جیسی اصطلاحات شامل ہیں۔

یہ الفاظ بدلتی ہوئی سماجی زندگی، جسمانی کشش بڑھانے کے رجحان اور جانوروں کی تربیت کے جدید طریقوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

ٹیکنالوجی کی دوڑ میں انسانیت کو مرکز میں رکھنے کی یہ کوشش عالمی سطح پر سراہا جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مشین چاہے کتنی ہی ترقی کر لے، انسانی جذبات اور اخلاقیات کا متبادل کبھی نہیں بن سکتی، اسی لیے اس لفظ کا انتخاب بہت اہمیت کا حامل ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت