جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مریم نواز کی سی ایم سولر پینل اسکیم کے دوسرے مرحلے کی منظوری، تعداد ایک لاکھ کرنے کا حکم

قومی خبریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی ایم سولر پینل اسکیم کے دوسرے مرحلے کی منظوری دیتے ہوئے مستفید ہونے والے افراد کی تعداد 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے چولستان میں 5 ہزار سولر پینلز کی فراہمی کے پائلٹ منصوبے کی بھی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں سالڈ ویسٹ سے توانائی اور بائیو فیول بنانے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ 3 ہزار ٹن ویسٹ سے انرجی کے پائلٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ مریم نواز نے بڑے اسپتالوں کا انرجی آڈٹ کرانے اور بجلی کی ضروریات کے مطابق الیکٹرک پینل نصب کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں چولستان کی 40 مقامات پر واٹر سپلائی اسکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ جانوروں، زرعی اور شہری فضلے سے بائیو گیس، بجلی اور بائیو فیول پیدا کرنے کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

حکام کے مطابق سولر پینل اسکیم کے پہلے مرحلے میں 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 89 ہزار 869 افراد کو سولر پینل فراہم کیے گئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سے مستفید ہونے والے صارفین کے بجلی کے بلوں میں تقریباً ایک تہائی کمی ہوئی ہے۔ پنجاب کے 76 اسکولوں کو بھی آزمائشی بنیادوں پر شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت