جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سونا کیوں سستا ہورہا ہے؟ کیا مستقبل میں مزید سستا ہونے کا امکان ہے؟

قومی خبریں

پاکستان میں سونے کی قیمت 13 ماہ بعد ایک بار پھر چار لاکھ روپے فی تولہ سے نیچے آگئی ہے۔

بدھ کو ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سونا ستمبر 2025 کے بعد پہلی مرتبہ چار لاکھ روپے سے کم ہوگیا۔

سونے کی قیمت میں کمی کی وجوہات

ماہرین کے مطابق امریکا میں شرح سود میں اضافے سے متعلق خبروں کے باعث سونے کی قیمت دباؤ کا شکار ہے۔ سرمایہ کار سونے سے سرمایہ نکال کر امریکی بانڈز میں لگا رہے ہیں، جبکہ عالمی منڈی میں قیمت گرنے کے اثرات پاکستانی مارکیٹ میں بھی سامنے آرہے ہیں۔

عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت 100 ڈالر کم ہوکر 3,764 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

جنوری کے آخر میں 5 لاکھ 73 ہزار روپے فی تولہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے والا 24 قیراط سونا ساڑھے 9 ماہ کے دوران تقریباً ایک لاکھ 75 ہزار روپے سستا ہوچکا ہے۔

اسی طرح عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت 5,505 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح سے 1,741 ڈالر کم ہوکر 3,800 ڈالر سے نیچے آگئی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت