گنج پن کے خاتمے کے لیے دلچسپ ایجاد: محققین نے الیکٹرانک کنگھا بنا لیا

بیجنگ: چینی سائنسدانوں نے بالوں کے گرنے اور گنج پن کے مسئلے سے نجات کے لیے ایک دلچسپ اور جدید الیکٹرانک کنگھا تیار کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اس کنگھے کے ابتدائی تجربات نے عالمی سطح پر طبی ماہرین کی توجہ حاصل کر لی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ ایجاد مستقبل میں گنج پن کا شکار افراد کے لیے ایک نئی نوید ثابت ہو سکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق اس جدید ڈیوائس کا تجربہ چوہوں پر کیا گیا جس کے نتائج حیران کن حد تک مثبت رہے ہیں۔ ایک ماہ کے مسلسل استعمال سے چوہوں کے سر پر تقریباً 100 فیصد بال دوبارہ اگ آئے، جو کہ بالوں کی بحالی کی موجودہ روایتی ٹیکنالوجی اور ادویات کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر اور مؤثر طریقہ کار ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ بالوں کی بحالی کے لیے عام طور پر مائنوکسیڈل نامی دوا استعمال کی جاتی ہے، تاہم اس نئی ایجاد نے اس دوا کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ مائنوکسیڈل سے بالوں کی بحالی کی شرح صرف 70 فیصد تک دیکھی گئی تھی، جبکہ الیکٹرانک کنگھے نے مکمل بحالی کے نتائج دے کر سائنسی حلقوں کو حیران کر دیا ہے۔
ڈی ٹینگل نامی اس جدید آلے میں خصوصی الیکٹروڈز نصب کیے گئے ہیں جو بالوں کی جڑوں کے گرد ایک مخصوص برقی فیلڈ پیدا کرتے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف جڑوں تک ادویات کو مؤثر طریقے سے پہنچاتی ہے بلکہ برقی تحریک کے ذریعے بالوں کے گرنے کے عمل کو روک کر ان کی نشوونما کو تیز تر کرتی ہے۔
سائنسی جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ ایجاد مردانہ طرز کے گنج پن کے علاج میں انتہائی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
اگرچہ ابھی تک یہ تجربات صرف چوہوں پر کیے گئے ہیں، لیکن محققین اس ٹیکنالوجی کو انسانوں کے لیے محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے پرامید ہیں۔ انسانی آزمائشوں کے بعد یہ ایجاد بالوں کی دیکھ بھال کی صنعت میں ایک بڑی تبدیلی لا سکتی ہے، جس سے لاکھوں افراد مستفید ہو سکیں گے، تاہم اس کے حتمی انسانی نتائج کا ابھی انتظار کیا جا رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت