پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کرے گا، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کرے گا، جس کے لیے پاکستانی وفد آج نئی دہلی روانہ ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک 20 سے 22 نومبر تک ہونے والے فورم میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت اور اس حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر اپنا مؤقف پیش کریں گے۔
ان کے خطاب میں شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے تعمیری کردار اور ملک کے متنوع تہذیبی و ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
پاکستانی وفد فورم کے مختلف موضوعاتی اجلاسوں میں شرکت کرے گا، جبکہ اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے نمائندوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کا موجودہ چیئرمین ہے اور آئندہ سال سربراہی اجلاس سے قبل مختلف وزارتی اور ماہرین کی سطح کے اجلاسوں کی میزبانی بھی کرے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت