پنجاب میں پنچائیت نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی گئی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں پنچائیت نظام متعارف کرانے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جن میں مستقل رہائشیوں، نمبرداروں، اساتذہ، ریٹائرڈ ججوں، فوجی افسران اور سول سرونٹس کو شامل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے پنچائیت پروگرام کے لیے قواعد، پالیسی گائیڈ لائنز اور ضوابط پر مشتمل جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز کے مطابق پنجاب پنچائیت ایکٹ کے تحت تنازعات کا قانونی دائرہ کار میں غیر رسمی حل ممکن بنایا جائے گا، تاکہ عوام مقامی سطح پر فیصلوں میں شریک ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم کرنے اور فوری و سستا انصاف فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت