اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 183 پاکستانی جوانوں نے جانیں نچھاور کیں، خواجہ آصف
برسلز: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ 7 دہائیوں کے دوران اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں اپنے دو لاکھ 37 ہزار اہلکار تعینات کر کے عالمی امن کے لیے بے مثال خدمات انجام دی ہیں۔
خواجہ آصف نے شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان مشنز کے دوران پاکستان کے 183 بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ عالمی امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں ہمارے فعال بین الاقوامی کردار کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے پائیدار امن کے قیام کے لیے باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنازعات والے علاقوں میں امن مشنز میں اچانک کمی سے انسانی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ امن مشنز کو زمینی حقائق کے مطابق وسائل سے لیس اور دیرپا سیاسی حل سے منسلک ہونا انتہائی ضروری ہے۔
وزیر دفاع نے زور دیا کہ امن مشنز کے پالیسی فیصلوں میں فوج اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن کا مفہوم صرف جنگ کا خاتمہ نہیں بلکہ انسانی تحفظ اور سماجی ترقی بھی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی قلت اور معاشی کمزوریاں عالمی سطح پر تنازعات کو مزید ہوا دے رہی ہیں۔ پاکستان خود موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جس کے باعث عالمی برادری کو مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دیرینہ عالمی تنازعات کا حل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالا جائے۔ متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنانا عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ انسانی وقار اور انصاف قائم رہ سکے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایک مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان عالمی سطح پر پائیدار امن، انصاف اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں پوری تندہی سے جاری رکھے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت