مخالفین بھی تسلیم کررہے ہیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں: بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین بھی تسلیم کررہے ہیں کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان مقدمات میں رات کی تاریکی میں بند دروازوں کے پیچھے سزائیں سنائی گئیں۔ عدالت سے درخواست ہے کہ دن کی روشنی میں کھلی عدالت میں ان کا مؤقف سنا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اب ان کے سیاسی مخالفین بھی اس بات کو تسلیم کررہے ہیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت