جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فیلڈ مارشل کا دورہ تربت، بلوچستان میں پائیدار امن اور ترقی کے عزم کا اعادہ

قومی خبریں

تربت: آرمی چیف ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورہ تربت کے دوران بلوچستان میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم پیش رفت پر بریفنگ حاصل کی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تربت پہنچنے پر کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا پرجوش خیرمقدم کیا جس کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی۔

انہوں نے شہدا کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

دورے کے دوران انہیں صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے جاری آپریشنل تیاریوں اور دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔ عاصم منیر نے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی تخریبی کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود ہمارے جوانوں کا عزم اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی اعلیٰ صلاحیتیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کی خوشحالی اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے شہریوں کے ساتھ مل کر کام کرنا فوج کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں قیام امن کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ عوام ایک محفوظ اور مستحکم ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار ترقی کے سفر کو کسی صورت رکنے نہیں دیا جائے گا۔ آرمی چیف نے سیکیورٹی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔

اپنے دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ اندرونی استحکام بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کلیدی کردار مسلسل ادا کرتی رہے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت