بھارت کی جانب سے دریاؤں کا پانی روکنا علاقائی امن کیلیے خطرہ ہے، پاکستان کا اقوام متحدہ میں دوٹوک مؤقف
نیویارک: پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ خلاف ورزی اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیوں کو عالمی قانون کے منافی قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مؤقف اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے ایک اجلاس کے دوران اختیار کیا۔
سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کو معطل کرنے کی کوششیں غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستقل ثالثی عدالت پہلے ہی تصدیق کر چکی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر نافذ العمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ دریاؤں کا پانی روکنا 24 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کے روزگار اور فلاح و بہبود کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ کسی بھی ریاست کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ بین الاقوامی معاہدوں کو نظر انداز کر کے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے پانی جیسے وسائل کو دباؤ کا ذریعہ بنائے۔
سفیر عثمان جدون نے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 33 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پار قدرتی وسائل کے تنازعات کا حل صرف پرامن مذاکرات اور عالمی قوانین کی پاسداری میں مضمر ہے۔ قدرتی وسائل کو تنازعات کا ذریعہ بنانے کے بجائے انہیں پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے تنازعات کی روک تھام کے لیے 3 اہم ترجیحات پر زور دیا جن میں بنیادی سیاسی وجوہات کا حل، وسائل کی منصفانہ تقسیم، اور سپلائی چین میں مکمل شفافیت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر قانونی ترسیل کو روکنا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ خطے میں امن قائم رہ سکے۔
اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا مقصد قدرتی وسائل کو استحصال کے بجائے تعاون کا ذریعہ بنانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وسائل پر مستقل خودمختاری کے عالمی اصولوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ ترقی پذیر ممالک کو ان کے قدرتی ذخائر سے حقیقی معنوں میں فائدہ حاصل ہو سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت