ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈ ریسلر بل واٹس 87 برس کی عمر میں چل بسے
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے لیجنڈری ریسلر اور نامور پروموٹر ’کاؤ بوائے‘ بل واٹس 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
امریکی ریاست اوکلاہوما میں جنم لینے والے بل واٹس نے اپنی ریسلنگ کیریئر کا باقاعدہ آغاز 1960 کی دہائی میں کیا۔ وہ صرف ایک بہترین پہلوان ہی نہیں بلکہ ایک کامیاب پروموٹر کے طور پر بھی مشہور ہوئے، جنہوں نے ریسلنگ کی دنیا میں اپنی ایک الگ اور منفرد پہچان بنائی تھی۔
انہوں نے 1970 اور 1980 کی دہائیوں کے دوران مڈ ساؤتھ ریسلنگ کی قیادت سنبھالی، جہاں سے ابھرنے والے بڑے ناموں میں شان مائیکلز اور ٹیڈ ڈی بائیس جیسے عالمی شہرت یافتہ ریسلرز شامل ہیں۔
بل واٹس کی زیر نگرانی ریسلنگ مقابلوں میں ہفتہ وار ڈرامائی کہانیوں کا سلسلہ متعارف کرایا گیا تھا۔
ان کا شمار ریسلنگ انڈسٹری کے بانیوں اور جدت پسند شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے ریسلرز کو انفرادی شناخت اور خاص شخصیات دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
ریسلنگ کے فروغ اور ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ڈبلیو ڈبلیو ای نے انہیں 2009 میں ہال آف فیم میں شامل کرنے کا اعزاز بخشا تھا۔
کھیلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بل واٹس کی وفات ایک پوری تاریخ کے خاتمے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کھیل کو محض ایک مقابلے سے نکال کر تفریحی ڈرامائی شکل دی، جس سے اس کھیل کی مقبولیت میں کئی گنا اضافہ ہوا۔ ان کا کام آج بھی انڈسٹری کے لیے ایک مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت