2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے: پیو ریسرچ سینٹر

واشنگٹن: امریکی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی ایک تحقیق میں دنیا کی مذہبی آبادی کے حوالے سے بڑی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے مطابق 2035 تک مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں سے بڑھ سکتی ہے اور اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ دہائیوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں، دونوں کی آبادی میں اضافہ متوقع ہے، تاہم مسلمانوں کی تعداد بڑھنے کی رفتار عیسائیوں کے مقابلے میں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر کے تخمینوں کے مطابق 2035 میں دنیا بھر میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 2 ارب 57 کروڑ جبکہ عیسائیوں کی تعداد 2 ارب 52 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔
تحقیق میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی بنیادی وجوہات نسبتاً بلند شرح پیدائش اور نوجوان آبادی کا زیادہ تناسب قرار دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان مستقبل میں دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔ 2070 تک پاکستان میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 46 کروڑ ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں وہ انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب تحقیق میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ کانگو عیسائی آبادی کے لحاظ سے امریکا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا عیسائی اکثریتی ملک بن سکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت