دھمکی نہیں دے رہا خبردار کر رہا ہوں، زبردستی سندھ کو تقسیم کی کوشش سے امن و امان خراب ہوگا: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چھ ماہ میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کے بجائے انتخابی اصلاحات کی جائیں اور چھ ماہ میں انتخابات کرائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ انتخاب جیت کر دکھا دیں گے کہ سندھ کے عوام نے انہیں ووٹ کیوں دیا۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر ریفرنڈم کرایا جاتا ہے تو قانون نافذ کرنے والے ادارے سندھ میں امن و امان کی ضمانت دیں۔ صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم پر اب تک کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی۔ نواب شاہ میں صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات ہو یا لاہور میں صدر اور وزیر اعظم کی ملاقات، کسی موقع پر بھی ریفرنڈم کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے صوبوں کی بات کرنے والے وہ لوگ ہیں جو نہ کبھی انتخابات جیتے ہیں اور نہ آئندہ جیت سکتے ہیں۔ ملک کے حکمران اصل مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے۔ ان کا سوال تھا کہ کیا پاکستان میں اب یہ بحث چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شروع کریں گے کہ نظام کیسے تبدیل ہوگا اور نئے صوبے کیسے بنیں گے؟
انہوں نے خبردار کیا کہ سندھ کی تقسیم کی کوشش سے صوبے میں خون خرابہ ہوسکتا ہے اور زبردستی ایسا اقدام کیا گیا تو امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دھمکی نہیں بلکہ پیشگی انتباہ ہے۔ محسن نقوی صوبوں کی تقسیم پر ریفرنڈم کی بات تو کرتے ہیں لیکن انہیں نقشے پر سندھ کے شہروں کے محل وقوع کا بھی علم نہیں ہوگا۔
ایک اور نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1980 اور 1990 کی دہائی میں بھی سندھ میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے ایسے ہی حالات بنائے گئے تھے۔ آج بھی یہ خطرہ موجود ہے، اسی لیے وہ خبردار کر رہے ہیں کہ زبردستی کوئی اقدام کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس تجویز کے ایک بڑے حامی، جن کا تعلق کراچی سے ہے، نے بھی اسی نوعیت کے الفاظ استعمال کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زبردستی کی گئی تو ان کے نہ چاہنے کے باوجود ایسی آگ بھڑک سکتی ہے جسے بجھانا مشکل ہوجائے گا۔ اگر حالات ایسے پیدا کیے گئے کہ کراچی کی بندرگاہ سے نکلنے والا سامان بیرون ملک نہ جاسکے تو اس کے معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اگر کوئی نظام کے خاتمے یا اسے نئے سرے سے تشکیل دینے کی بات کرے گا تو انہیں بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔ اگر نظام ناکام ہے تو اس کی وجوہات کیا ہیں اور اسے دوبارہ تشکیل دینے کی کیا صورت ہونی چاہیے؟ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے لیے غیر سیاسی طریقہ اختیار کیا جائے یا سیاسی، اس بارے میں اپنی تجاویز دے چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مؤقف اور موقف سے پیچھے نہیں ہٹے، جبکہ ملک کو درپیش معاشی مشکلات کا شاید اشرافیہ کو پوری طرح اندازہ نہیں ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت